اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کے روز جنوبی بغداد میں ایک دکان کے نزدیک کار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچ عام شہری جاں بحق اور تیرہ زخمی ہو گئے- اسی طرح مشرقی بغداد میں بھی ایک بازار میں بم کے ایک دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے- عراقی پولیس کے مطابق مغربی بغداد کے محلے بیعا میں بھی دکانوں کے نزدیک بم کے دھماکے میں دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دس زخمی ہو گئے- ایک اور خبر یہ ہے کہ عراق کے صوبے الانبار میں عوامی فورس نے فلوجہ کے مشرق میں واقع الکرمہ کے پچہّتر فیصد علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے اور پیشگوئی کی جارہی ہے کہ ماہ رمضان کے اختتام تک یہ شہر دہشت گردوں کے وجود سے پاک ہو جائے گا- اسی تناظر میں عراق کے ایک فوجی کمانڈر مرضی الجمیلی نے کہا ہے کہ الکرمہ کو داعش دہشت گرد گروہ سے پاک کئے جانے کے دوران اس گروہ کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے- فوجی کمانڈر مرضی الجمیلی کے مطابق الکرمہ میں داعش دہشت گرد گروہ کے کئی اہم کمانڈر مارے گئے ہیں جبکہ اس گروہ کی متعدد گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲